مشرف کی ایمرجنسی کے غیر آئینی اقدام کو 10 سال ہوگئے ، کئی شہروں میں وکلاکی ریلیاں
اسلام آباد (این این ‘نوائے وقت نیوز) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی ایمرجنسی کے غیرآئینی اقدام کو ایک دہائی بیت گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے 3 نومبر 2007ء کو ایمرجنسی لگانے کے غیرآئینی اقدام کو ایک دہائی بیت گئی۔ 3 نومبر 2007ء کے روز سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور پی سی او کے تحت حلف اُٹھانے سے انکار کرنے والے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت اعلیٰ عدلیہ کے 60 سے زائد ججز کو گھروں میں نظربند کر دیا اور ہر طرح کے اجتماعات، جلسے اور جلوسوں پر بھی پابندی عائد کر دی ۔ اس غیرآئینی اور غیرجمہوری اقدام کے خلاف وکلائ، سیاسی کارکنوں اور سول سوسائٹی نے احتجاج شروع کر دیا۔ پرویز مشرف نے الیکٹرانک میڈیا پر بھی متعدد پابندیاں عائد کر دیں۔ ایمرجنسی کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں وکلاء نے احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں جن میں سابق صدر مشرف کے غیرآئینی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔