تبدیلی کا سیلاب آرہاہے، سب کرپٹ لوگوں کو بہا لے جائے گا: عمران خان
کوٹ ادو (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت میں ملک کا سربراہ عوام کو جوابدہ ہوتا ہے، حکمرانوں کا علاج اور عیدیں ملک سے باہر ہوتی ہیں، کبھی اسے ووٹ نہ دینا جس کا پیسہ باہر ہو، قوم سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے تو حقیقی تبدیل آتی ہے۔ چھوٹی سی کرپٹ مافیا بار بار باریاں لے کر عوام کا پیسہ چوری کرتی ہے، حکمرانوں کی جائیداد اور کاروبار بیرون ملک ہے، قوم کے پیسے سے باہر کے ممالک میں محلات بنائے جارہے ہیں۔ کوٹ ادو میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دین کے نام سے لوگوں سے ووٹ کون لیتا ہے، روٹی کپڑا اور مکان پر کون لوٹ لیتا ہے، خواجہ آصف کہتے تھے میاں صاحب فکر نہ کریں قوم جلد بھول جائے گی، کسی قوم کوجگا دینا اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے نام پر ووٹ لئے جاتے ہیں، جب قوم سوچ سمجھ کر ووٹ دینے کا فیصلہ کرے تو حقیقی جمہوریت آتی ہے۔ ہم نے سپیکر کو وزیراعظم کیخلاف ریفرنس بھیجنے کا کہا انہوں نے نہیں بھیجا، کرپٹ مافیا کا پیٹ قبر کی مٹی بھرے گی۔ کرپٹ مافیا عوام کے حقوق پر ووٹ لیتی ہے، اپنے بچوں کو جائیدادیں باہر بنا کر دیتی ہے، پینتالیس فیصد بچے پوری خوراک نہ ملنے پر ذہنی اور جسمانی طورپر صحت مند نہیں، پنجاب میں ہسپتالوں میں ایک بیڈ پر چار چار مریض ہیں۔ کرپشن کے الزام میں عدالت جانے والوں کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول دیا جارہا ہے۔ پارلیمنٹ نے ہاتھ کھڑے کرکے قانون پاس کیا کہ مجرم پارٹی کا سربراہ ہوسکتا ہے۔ نوازشریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا۔ نواز شریف بتائیں لندن میں فلیٹس کیسے خریدے؟ جمہوریت میں صاف شفاف الیکشن ہوتے ہیں۔ ان کو کھانسی بھی ہوجائے تو باہر چلے جاتے ہیں۔ لوگوں کو ڈرا دھمکا کر ووٹ لئے جاتے ہیں۔ پنجاب میں مجھ پر اور تحریک انصاف کی قیادت پر ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ پی آئی اے، واپڈا، پاکستان سٹیل میں میرٹ پر لوگ آئے ہوتے تو یہ حال نہ ہوتا، جمہوریت میں سب سے بڑی خوبصورت میرٹ ہوتی ہے، اس وقت جو لوگ اوپر بیٹھے ہوئے ہیں وہ شریف خاندان کے درباری ہیں۔ آج خیبر پی کے میں پولیس کا نظام پورے ملک سے بہتر ہے۔ دہشت گردی میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔ خیبر پی کے میں تحریک انصاف کا ایک مخالف بتادیں جس پر ایف آئی آر کٹی ہو۔ پنجاب میں ہماری ساری لیڈرشپ پر ایف آئی آر کاٹ دی گئی، پنجاب کے تھانوں میں غریبوں کو انصاف نہیں ملتا، پنجاب میں بھی پولیس کا محکمہ ایسا بنائیں گے کہ لوگ پولیس پر اعتماد کریں۔ خیبر پی کے پولیس کی بہتری دیکھ کر شہباز شریف نے پنجاب پولیس کی وردی بدل دی۔ شہباز شریف سے بڑا ڈرامہ باز نہیں دیکھا۔ نیب سے پوچھتا ہوں کہ اسحاق ڈار کو ملک سے باہر کیوں جانے دیا۔ بڑی دیر سے کہہ رہا تھا کہ اسحاق ڈار منی لانڈرر ہے۔ میرا دو بار علاج ہوا اور میں پاکستان سے باہر نہیں گیا۔ اسحاق ڈار آپ کے سر درد بھی ہو تو باہر علاج کراتے ہیں۔ اسحاق ڈار کیا آپ اپنے والد کے علاج کیلئے باہر جاتے تھے۔ آپ نے کتنے ہسپتال بنائے جہاں آپ کا اور بچوں کا علاج ہوسکے۔ کسانو! یاد رکھنا جو آپ کی مدد کرے گا وہ عمران خان اور تحریک انصاف ہے۔ میں کسانوں کیلئے پالیسی بنائوں گا، کھاد سستی کریں گے، جب چھوٹا کسان خوشحال ہوتا ہے تو اس میں ملک کو خوشحال کرنے کی طاقت آجاتی ہے۔ ہم کسانوں کی مدد کریں گے، خرچے کم کریں گے تاکہ ان کے پاس پیسہ بچے۔ تبدیلی کا یہ سیلاب سارے کرپٹ لوگوں کو بہا لے جائے گا۔ پاکستان میں تبدیلی کا سیلاب آرہا ہے۔ ان کے بیٹوں کو نیب میں پیش ہونے کو کہا توبولے ہم برطانیہ کے شہری ہیں، پیسہ پاکستان سے بنایا اور اب کہتے ہیں کہ ہم برطانیہ کے شہری ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو 70 سال سے اس کا حق نہیں ملا، اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کام کرائیں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان جنوبی پنجاب کے دورے کے موقع پر آج ہفتہ کو خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
عمران خان