مردم شماری کے نتائج عوام کے استحصال کا باعث بنیں گے، فاروق ستار
کراچی (خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے ارکان ارشاد ظفیر اور راشد سبزواری کے ہمراہ گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک ، جوہر موڑ اور سٹی بیکری کا دورہ کیا اور 5نومبر اتوار کو لیاقت آباد نمبر10میں مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے پمفلٹ تقسیم کئے اورعوام کو مظاہرہ میں شرکت کی دعوت دی ۔ اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار کو عوام نے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیر ت کااظہار کیا اور ایم کیوایم پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر عوامی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ سندھ اور باالخصوص کراچی میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج کو سب نے مسترد کردیا ہے اور مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر ملک میں سیٹوں کا اضافہ اور کمی کرنے عوام کا استحصال ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان مردم شماری میں ہونے والی دھاندلی کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی ، عوامی سطح پر ایم کیوایم پاکستان کا گراف بڑھ رہا ہے اور عوام بھی مردم شماری کے نتائج سے مایوس ہوچکے ہیں ۔ 5نومبر اتوار کو لیاقت آباد نمبر 10میں ہونے والا مظاہرہ مردم شماری کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا اور انشاءاللہ تعالیٰ مردم شماری میں جن لاکھوں لوگوں کو غائب کیا گیا ہے انہیںمظاہرہ کے بعد ضرور بازیاب کروایا جائے گا ۔ دریں اثنائمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے 5نومبر اتوار کو لیاقت آباد نمبر 10پر مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم عروج پر پہنچ گئی ہے ۔ عوامی مہم میں نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا خیر مقدم کیا اور اس میں اپنی بھر پور شرکت کی یقین دہائی کرائی اور کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے مردم شماری کے خلاف مظاہرے کا اعلان کرکے مردم شماری میں دھاندلی اور ناانصافی کے خلاف بڑا قدم اٹھایا ہے اور اسے عوام کی بھر پور حمایت اور تائید حاصل ہے اور انشاءاللہ تعالیٰ 5نومبر کا احتجاجی مظاہرہ مردم شماری میں دھاندلی کرنے والوں کی آنکھیں کھول دیگا ۔رابطہ مہم کے سلسلے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے قصبہ علی گڑھ 1نمبر میں واقع مارکیٹ اور 40روڈ کا دورہ کیا اور عوام میں 5نومبر کے احتجاجی مظاہرے کے ہینڈ تقسیم کئے ، اسی طرح رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے ڈسٹرکٹ ویسٹ اورنگی ٹاﺅن ساڑھے 11میں واقع اقبال مارکیٹ کا دورہ کیا ۔ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و میئر کراچی وسیم اختر نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ سینٹرل میں واقع حیدری مارکیٹ اور ناظم آباد کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا ۔زاہد منصوری اور محترمہ ہیر سوہو نے ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقوں کورنگی نمبر ڈھائی ، شمع سینٹرل شاہ فیصل، کالا بورڈ ملیر ، جناح اسکوائر میں احتجاجی مظاہرے کے سلسلے میں لگائے گئے استقبالیہ کیمپوں کا دورہ کیا اور کیمپوں پر موجود ذمہ داران و کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کی ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان محفوظ یار خان اور کشور زہرا نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے لیاقت آباد کے فردوس شاپنگ سینٹرل ، کپڑا مارکیٹ اور سپرمارکیٹ کے دورے کئے اور عوام میں 5، نومبر کو ہونے والے مظاہرہ کے ہینڈ بل تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ایم کیوایم ڈسٹرکٹ سینٹرل کی کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمدفاروق ستار نے فردوس شاپنگ سینٹر لیاقت آباد نمبر 10 میں پر ہجوم پریس بریفنگ کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کو جلسے کی اجازت صرف تین دن پہلے دی گئی ہے جبکہ ہم نے پندرہ دن پہلے درخواست دی تھی ہماری تجویز کردہ جگہ کے بجائے ہمیں لیاقت آباد 10 نمبر پر ہمیں احتجاجی جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جذبہ جواں ہے ہمارے ساتھیوں نے بہت محنت کی ہے اور انشاءاللہ اس جلسے سے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کوٹہ سسٹم پر سخت تنقید کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس کالے قانون کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں آبادی کم کی جارہی ہو وہ کیسے ترقی کرئیگا؟ کراچی کو دیوار سے لگانے کا مطلب پورے ملک کو امتحان میں ڈالنا ہے کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گاعلا وہ ازیں ڈاکٹر فاروق ستار نے مردم شماری میں کی جانے والی دھاندلی اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات و وسائل فراہم نہ کئے جانے کے خلاف 05 نومبر 2018ءکو لیاقت آباد 10 نمبر پر منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے سلسلے میں لیاقت آباد 10 نمبر، فردوس مارکیٹ، صرافہ بازار، حسین آباد، الکرم اسکوائر اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے علاقے کے عوام سے فرداً فرداً ملاقات کی اور عوام میں مردم شماری اور بلدیاتی نظام میں ہونے والی ناانصافیوں پر مبنی ہینڈبل بھی تقسیم کئے۔
فاروق ستار