دینا واڈیا کے انتقال پر قومی اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ سٹاف رپورٹر) قائداعظم محمد علی جناح کی بیٹی دینا واڈیا کے انتقال پر قومی اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموی اختیار کی گئی۔ اجلاس میں تلاوت قرآن و نعت کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دینا واڈیا کے انتقال ہوا ہے اس پر اظہار افسوس کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے قائداعظم کی اکلوتی بیٹی دینا واڈیا کی نیویارک میں وفات پر ان کے بیٹے نسلی واڈیا کو اپنی، حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے تعزیتی خطوط ارسال کئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ خطوط نسلی واڈیا کے نیویارک کے پتہ پر ارسال کئے گئے ہیں جہاں دینا واڈیا کا انتقال ہوا ہے۔ صدر ممنون حسین نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام محترمہ دینا واڈیا کے انتقال پر دکھی ہیں، ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اس مشکل گھڑی میں ہماری دعائیں محترمہ کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے عوام بانی پاکستان کی محبوب صاحبزادی کو ہمیشہ یاد رکھتے اور ان کو انتہائی احترام دیتے ہیں، محترمہ واڈیا کی قائد اعظم کی بطور باپ اور ایک قد آور سیاسی شخصیت کے پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد،پر مبنی یادیں، قوم کے لئے ایک خزانہ ہیں۔ محترہ دینا واڈیا کے د ورہ پاکستان کی یادیں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔ انہوں نے مرحومہ کے بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نسلی واڈیا کے نام تعزیتی خط میں دینا واڈیا کی شخصیت کو احترام کا تذکرہ کیا اور کہا کہ 1946ء میں اپنے بچوں کے ہمراہ دینا واڈیا نے قائداعظم سے بمبی میںجو آخری ملاقات کی تھی وہ بہت جذباتی تھی۔ ان کی آپ کے ہمراہ اپنے والد کے مزار پر حاضری، اپنے عظیم والد سے ان کے مضبوط رشتوں کی عکاسی ہے۔ وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے نسلی واڈیا کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔
قومی اسمبلی/ خاموشی