نواز شریف سے احتساب کے نام پر کھلواڑ کیا جارہا ہے، میر چنگیز جمالی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب صدر سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیزخان جمالی نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے احتساب کے نام پر کھلواڑ ہورہا ہے نااہل سزا یافتہ سابق وزیراعظم کا وفاقی سطح پر شاہانہ پروٹوکول قانون اور انصاف کا قتل ہے کچھوے کی چال چلنے والا احتسابی عمل مک مکاکی طرف اشارہ لگتا ہے احتسابی عمل میں سست روی پر سپریم کورٹ کے مانیٹرنگ جج کہاں ہیں اس کا کون نوٹس لے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح احکامات جس میں ریفرنسز کا فیصلہ 6 ماہ میں مکمل کرنے کا کہا گیا ہے اس کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔ ایک نااہل وزیراعظم آج بھی ملک کے سیاہ و سفید کا مالک بنا بیٹھا ہے حکومتی امور ان ہی کی ہدایت پر چلائے جارہے ہیں جسے پاکستان کی سیاسی تاریخ کا بدترین دور کہا جائے غلط تو جھوٹ نہ ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی حکومت کے ہر غیر آئینی اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی ۔ مسلم لیگ ن کی نواز شریف کو بچانے کے لئے اپنائی گئی پالیسی خو د اسے لے ڈوبے گی۔ مسلم لیگ ن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ آنے والا کل پیپلزپارٹی کا ہے۔