لاہور اور دوشنبے کے درمیان براہ راست پروازوں پر غور کر رہے ہیں: تاجک سفیر
لاہور (نیوزرپورٹر) تاجکستان کے سفیر ڈوبے ڈولو زوبے ڈوف (Zubaydullo Zubaydov) نے کہا کہ لاہور اور دوشنبے کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے پر غور کیا جارہا ہے جس سے پاکستان اور تاجکستان کے تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار، نائب صدر میاں ابوذر شاد، اعزازی قونصل نذیر احمد پراچہ، سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز میاں زاہد جاوید، ممشاد علی اور حسنین رضا مرزا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ تاجکستان کے سفیر نے لاہور چیمبر کے صدر کو ایک تجارتی وفد تاجکستان بھجوانے کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون اور سہولیات مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تاجک سفارتخانہ تجارتی معلومات کے تبادلے کے لیے خصوصی حکمت عملی مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو سہولیات دینے کے لیے نئے قواعد و ضوابط وضع کیے جارہے ہیں جس سے پاکستانی تاجروں کو درپیش مسائل حل ہوجائیں گے۔