دی بینک آف پنجاب اور اخوت مائیکرو فنانس کے مابین کم قیمت گھروں کے فروغ کا معاہدہ
لاہور (کامرس رپورٹر) معاہدے پر دستخط کی تقریب دی بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس گلبرگ لاہور میں ہوئی۔ معاہدے کی تقریب میں دی بنک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود‘ آصف ریاض گروپ ہیڈ ریٹیل اینڈ پرائرٹی سیکٹر لینڈنگ نے بی او پی کی نمائندگی کی جبکہ اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کی نمائندگی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب ایگزیکٹو ڈائریکٹر‘ ڈاکٹر کامران شمس رکن بورڈ آف ڈائریکٹر اور شہزاد اکرم چیف کریڈٹ افسر نے کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ تعمیراتی اور رہائشی شعبے کے لئے یہ انقلابی قدم ہے اس طرز کے معاہدوں سے ہمیں عوامی سطح تک مدد پہنچانے کیلئے بہتر رسائی ملے گی۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی او پی نے اس فلاحی مقصد اور دیگر سکیموں کے ذریعے سب پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کم اور متوسط آمدنی والے افراد کیلئے کم لاگت گھروں کے منصوبے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ظفر مسعود نے سٹیٹ بنک آف پاکستان اور نیفڈا کی جانب سے رہائشی تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے کئے گئے خصوصی اقدامات اور فیصلوں کو سراہا۔