آر می چیف سے ترک چیف آف جنرل سٹاف اور سفیر امارات کی ملاقاتیں
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی اکر نے جمعرات کے روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں جب کہ پاکستان میں متعین متحدہ عرب امارات کے سفیر نے بھی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ترک جنرل نے پاکستان کے عسکری قائدین کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران باہمی مفاد ، دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعلقات، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر بات چیت کی۔ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں استحکام کیلئے پاک فوج کی مخلصانہ کوششوں اور قربانیوں کوسراہا۔ ترک فوج کے سربراہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم آل ذابی نے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات کے دوران ترقیاتی امور کیلئے معاونت کے پروگراموں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا جس کے بعد دور افتادہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے تعاون پر مبنی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔