فیصل ر ضا عابدی کی استدعا منظور‘ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس دوسرے بنچ کو منتقل کر دیا
اسلام آباد ( وقائع نگار)سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فیصل رضا عابدی کی بنچ تبدیل کرنے کی استدعا منظور کرلی۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت فیصل رضا عابدی کا کلپ چلایا گیا، چیف جسٹس نے فیصل رضا عابدی سے مکالمہ کیا کہ کورٹ میں کھڑے ہونے کے آداب اور تمیز ہوتی ہے۔جسٹس ثاقب نثار نے فیصل رضا عابدی کے وکیل سے کہا کہ آپ کے مؤکل نے ابھی تک معافی نہیں مانگی جس پر فیصل رضا عابدی کے وکیل نے کہا ہم نے دو درخواستیں دائر کی ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم دونوں درخواستیں خارج کرتے ہیں۔اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ کا طریقہ کاربالکل مناسب نہیں ہے، کیا آپ کے پاس سپریم کورٹ کا لائسنس ہے؟ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ کمنٹری کم کریں کیس پر آئیں۔فیصل رضا عابدی کے وکیل کی جانب سے بنچ تبدیل کرنے کی استدعا کی گئی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس دوسرے بنچ کو منتقل کر دیا۔سابق سنیٹر کی جانب سے کیس کو کراچی رجسٹری منتقل کرنے کی بھی استدعا کی گئی جو عدالت نے مسترد کردی۔