نائیجیریا:مویشی چوروں اور دیہاتیوں میں جھڑپیں ، 25 افراد ہلاک، 150 گھرنذرآتش
کانورا (اے ایف پی) نائیجرین ریاست میں شہریوں اور مویشی چوروں میں جھڑپوں کے سبب 25 افراد مارے اور بیسیوں زخمی ہو گئے۔ ملیشیا اور مویشی چوروں نے فنکاشی اور دیگر دیہات پر یلغار کر دی اور جانور چرانا چاہے تو مڈبھیڑ ہو گئی جس کے باعث تیرہ افراد مارے گئے۔ علاقے میں پولیس کی مزید نفری بھیج دی گئی۔ اس علاقے میں طویل عرصے سے شورش جاری ہے۔ گزشتہ ماہ 27 افراد قتل ہوئے تھے۔شمال مشرقی علاقے اداماوا میں ایک حملے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے مسلح افراد نے نومان ضلع میں 150 گھر نذر آتش کر دئیے اور فرار ہو گئے۔ پولیس ترجمان ابوبکر نے میڈیا کو بتایا متاثرہ علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔