عالمی طاقتیں نواز شریف کے ذریعے فوج کو متنازعہ بنانا چاہتی ہیں: حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف تیس سال تک نادیدہ قوتوں کے مہرے کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ ن لیگ جنرل ضیاء کی باقیات پر مشتمل موقع پرستوں کا ٹولہ ہے۔ نواز شریف نے پانچ منتخب جمہوری حکومتوں کو سازشیں کر کے برطرف کروایا۔ جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آنے والا انقلابی اور نظریاتی نہیں ہو سکتا۔ عالمی طاقتیں نواز شریف کے ذریعے پاک فوج کو متنازعہ بنانا چاہتی ہیں۔ پاک فوج اور عدلیہ کو کمزور کرنا بیرونی ایجنڈا ہے۔ پاکستان پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت قائم اور متحد ہے۔ چیف جسٹس قوم کی آنکھ کا تارا بن چکے ہیں۔ شریف خاندان ملک کی ترقی کی جڑوں میں بیٹھ گیا ہے۔ شہباز شریف لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کر سکے۔ گرمی شروع ہوتے ہی آٹھ آٹھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پھر شروع ہو گئی ہے۔ ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ آرمی چیف اور چیف جسٹس نے ہزارہ برادری کی داد رسی کر کے مظلوموں کے دل جیت لئے ہیں۔