جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی بروقت تیاری اولین ترجیح ہے: عبدالقیوم
لاہور (پ ر) معیاری‘ اغلاط سے پاک اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصابی کتب کی بروقت تیاری اولین ترجیح ہے۔ نسل نو کے لئے ایسا نصاب مرتب کرنے کیلئے کوشاں ہیں جو ہمارے دینی، قومی اور معاشرتی مقاصد پورا کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر عبدالقیوم نے آج پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر قذافی سٹیڈیم میں نصابی کتب کے مسودات اور سپلیمنٹری ریڈنگ مٹیریل کی تیاری کے سلسلہ میں ہونے والی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت پی سی ٹی بی بورڈ آف گورنرز کے چیئرپرسن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمداکرم خاں نے کی۔ پرائیویٹ پبلشرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل زبیر سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نئی پالیسی کے مطابق پی سی ٹی بی منتخب کتب کے مصنفین کو 4لاکھ سے 15لاکھ روپے تک مسودے کا معاوضہ دے گا اور کتاب کی اشاعت کی صورت میں ہرسال رائلٹی بھی دی جائے گی۔