شکیل آفرید ی کے معاملے پر امریکہ سے ڈیل نہیں ہورہی ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد ( آن لائن+آئی این پی+این این آئی ) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان ، امریکہ کے ساتھ ڈاکٹر شکیل آفرید ی کے معاملے میں کوئی ڈیل نہیں کررہا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے معاملے کو بین الاقوامی برادری کو آگاہ کیا جارہا ہے، پوری مسلم امہ کشمیر یوں کے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی پر پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کے معاملے پر کسی بھی قسم کی ڈیل کو مسترد کردیا۔ انہوںنے بتا یا پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث شکیل آفریدی کو گزشتہ دنوں سکیورٹی خدشات پر پشاور جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ شکیل آفریدی کے معاملے پر امریکہ کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہورہی اور یہ معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔ڈاکٹر فیصل نے شکیل آفرید ی کے بدلے میں حسین حقانی یا عافیہ صدیقی کے تبادلے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ترجمان نے کہا پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ او آئی سی رابطہ گروپ میں اٹھایا۔ اوآئی سی ممبر ممالک بلکہ پوری مسلم امہ اس معاملے میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ گزشتہ دنوں سیکرٹری خارجہ نے او آئی سی کے اجلاس میں و اضح کیا مسئلہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات ہیں۔افغانستا ن میں کشیدگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی دہشتگردوں کو چھپنے کا موقع دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی دہشت گردوں کو چھپنے کا موقع دیتی ہے، افغان مہاجرین کی واپسی صرف پاکستان کی نہیں عالمی برادری کہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کی واپسی پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں پاکستان نے افغان حکومت سمیت امریکہ اور دیگر یورپی ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کی ہے۔پاکستان اپنی سکیورٹی کی غرض سے افغانستان کے ساتھ سرحد پر جلد باڑ لگانے کا کام مکمل کرنا چاہتاہے۔بھارت کے ساتھ قیدیوں کی واپسی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا بھارت کے ساتھ قیدیوں کے واپسی کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔ امید ہے کہ جلد معاملات طے ہوجائیں گے۔ انہوںنے کہا گزشتہ دنوں پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی شہریوںکو انکے حکام کے حوالے کیا۔ البتہ انسانی ہمدردی کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے انہوںنے کہا کہ دونوںممالک کے باہمی تعلقات کو بہترکرنے کیلئے بات چیت جاری ہے البتہ اس معاملے میں انہوںنے مزید تفصیلا ت بتانے سے گریز کیا۔ایک او رسوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو تمام بنیادی حقوق دینے کے لیے کام ہورہا ہے۔ توقع ہے اصلاحات کا عمل موجودہ حکومت کے دورمیں ہی مکمل ہوجائے گا۔مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی افواج کے مظلوم کشمیریوںپر جاری مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جلد ڈھاکہ میں ایک کانفرنس میں شریک ہونگی۔ بھارت کے ساتھ پس پردہ رابطوں کے حوالے سے ڈاکٹر محمد فیصلہ نے کہا پاکستان بھارت سفارتکاروں کی ہراسگی کا معاملہ دونوں ممالک کے دفتر خارجہ نے مل حل کیا۔ اس معاملے میں بیک ڈور چینلز کا کوئی کردار نہیں ہے۔ بھارتی قیدی جیتندر ارجن کی حوالگی کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قیدی جیتندر کو خون کی بیماری ہے اور اس کا ذہنی توازن بھی تھوڑا خراب ہے۔ عموماً بھارت بھی ہمارے قیدیوں کو واپس بھیج دیتا ہے۔ ہماری جانب سے قیدیوں کی رہائی 1400 برس پرانی اسلامی روایات کی عکاس ہے۔
دفتر خارجہ