آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کی ہلاکت پر تحقیقات کا حکم دے دیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم کارکن آفتاب احمد کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے میں ہر صورت انصاف کو یقینی بنایا جائے۔
ادھر رینجرز کی حراست میں مبینہ تشدد سے ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کریں گے. کمیٹی آفتاب احمد کی ہلاکت کے محرکات کا جائزہ لے گی. ترجمان کے مطابق واقعہ میں ممکنہ طور پر ملوث تمام اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے. تحقیقات جلد مکمل کر کے حقائق کو منظر عام پر لایا جائے گا.
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد منگل کے روز دوران حراست انتقال کر گئے تھے. آفتاب احمد کو یکم مئی کو ایف بی آیریا سے گرفتار کیا گیا تھا. انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسے نوے روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دیا تھا.