برازیلین صدر کا زیکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کیخلاف جنگی مہم چلانے کا اعلان
برازیلیا (نیٹ نیوز) برازیل کی صدر دلماروسیف نے قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں مہلک زکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کے خلاف جنگی پیمانے پر مہم چھیڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹی وی کے لئے ریکارڈ کئے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اس سلسلے میں ہفتے کا روز پوری قوم کو متحرک کرنے کا دن ہو گا جس کے دوران ملک کے ہزاروں فوجی اور سرکاری ملازمین گھروں اور دفتروں سے ایسے مچھروں کے خاتمے کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زکا وائرس پھیلانے والے ایڈیز ایجپٹ نامی مچھر سے لڑائی کیلئے وفاق نے مناسب رقم کا بندوبست کیا ہے کیونکہ یہ جنگ ہاری نہیں جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا اس لڑائی میں ہم سبھی شریک ہونا چاہیے ہمیں ہر شخص کی مدد اور خیرسگالی چاہیے انہوں نے عوام سے کہا کہ تعاون کریں اور اپنے اہل خانہ اور اپنی برادری کو بھی اس کے لئے متحرک کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا میں اس بات پر زور دوں گی کہ چونکہ سائنس نے ابھی زکا وائرس کی ویکسین تیار نہیں کی اس لئے اس بیماری سے بچائو کا سب سے موثر طریقہ ایسے مچھروں کے خلاف سخت ترین لڑائی ہے۔