ایشیا اور یورپ کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جو فرینکفرٹ گئے ہوئے ہیں نے اے ڈی بی کے سالانہ اجلاس کے دوران افغانستان کے وزیر خزانہ عقلیل حکیمی سے ملاقات کی‘ ملاقات میں پاک افغان مشترکہ کمشن کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں بات چیت کی گئی‘ وزیر خزانہ نے اپنے افغان ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان طے شدہ امور کے مطابق اقدامات کر رہا ہے اور دوطرفہ منصوبے تیزی سے مکمل کئے جائیں گے افغان وزیر خزانہ نے اسحاق ڈار کو پاک افغان مشترکہ کمشن کے آئندہ اجلاس میں شرکت کے لئے کابل آنے کی دعوت دی‘ وزیر خزانہ نے دورے کی دعوت قبول کر لی۔ دریں اثناء فرینکفرٹ میں زیادہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ایشیا اور یورپ اقتصادی تعاون ، کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ دنیا میں تجارتی مندی سے متعلق مسائل ایشیا اور یورپ کے درمیان اقتصادی تعاون پر اثرانداز ہو رہے ہیں، باہمی فائدے کیلئے دو براعظموں کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے مالی وسائل فراہم کرنے کیلئے کثیر جہتی ترقیاتی بنکوں کو بانڈز جیسے نئے اقدامات کے ساتھ آگے آنا چاہئیے تاکہ اس خلیج کو پورا کیا جا سکے۔