متحدہ پر پہلے بھی الزامات لگا کر معافی مانگی گئی، اب بھی ایسا ہوگا: شبیر قائم خانی
ملتان (محمد نوید شاہ سے) ممبر رابطہ کمیٹی اور مرکزی رہنما ایم کیو ایم شبیر احمد قائم خانی نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈرائی کلیننگ فیکٹری لگا دی گئی ہے۔ جو اس میں جاتا ہے وہ پاک صاف کہلاتا ہے وگرنہ وہ غدار بن جاتا ہے۔ ایم کیو ایم نے جن عناصر کو عوام دوست نہیں پایا ان کو اپنے سے خود دور کیا۔ ان احسان فراموسوں نے اپنی الگ جماعت بنا لی۔ الطاف حسین کی وجہ سے پہچانے جانے والے چھوٹے قد کے لوگ آج خود کو ان کا مدمقابل ثابت کر رہے ہیں۔ کراچی میں آج بھی ایم کیو ایم کا ووٹ بنک سب سے زیادہ ہے۔ الطاف حسین بیمار نہیں ہیں منفی پراپیگنڈہ کا جواب دینے کے لئے ہی انہوں نے سٹیج پر ”ڈانس“ کر کے دکھایا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ”نمائندہ نوائے وقت“ سے اپنی ہونے والی گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ بعض عناصر نے ایسا تاثر پھیلا رکھا ہے کہ جیسے الطاف حسین شدید بیمار ہیں اور وہ چل پھر نہیں سکتے ہیں۔ یہ سب لغو باتیں ہیں وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ چند ایسے اینکرز جو مسلسل انہیں بیمار قرار دے رہے تھے کو جواب دینے کے لئے بھی انہوں نے سٹیج پر ڈانس ایک سٹیپ کر کے دکھایا تھا۔ اس کا مقصد صرف یہ بتانا تھا کہ کوئی بیمار آدمی ناچ نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہجرت کی اور ہجرت کے دکھوں اور کرب سے ہم ہی واقف ہیں۔ اپنی جائیدادیں چھوڑیں، اپنے پیاروں کے سروں کو تیروں پر اچھلتے دیکھا تو پھر آج ہم پاکستان کے غدار کیسے ہو سکتے ہیں۔ ہم نے تو پاکستان کو اپنی جنت قرار دیا تھا اور اپنی نسلیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم کراچی آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔ اس آپریشن کو غیر جانبدار ہونا چاہئے۔ آپریشن کے دوران نظریاتی اور سیاسی فکر رکھنے والوں کو لاپتہ کرنے کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایم کیو ایم پر الزامات لگتے رہے ہیں مگر کبھی بھی ان الزامات کا ثبوت نہیں دیا گیا بلکہ آخر میں معافی مانگ لی جاتی ہے۔ اب بھی ایسا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے کراچی کے ناظم بننے سے پہلے کوئی ان کے نام سے بھی واقف نہیں تھا۔ ان کی شناخت الطاف حسین بنے اور آج وہ خود کو الطاف حسین کے مقابل تصور کرتے ہیں۔ یہ چھوٹے قد روالی باتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں شدید گرمی کے باوجود ہمیں حیرت انگیز کامیابی مل رہی ہے عوام نے بھرپور پذیرائی بخشی ہے۔ شدید گرمی کے باوجود ورکرز کنونشن کامیاب رہا ہے۔ جو اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ ملتان میں ایم کیو ایم کا ووٹ بنک موجود ہے۔