کوئٹہ :سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کے قریب دھماکہ ایک شہید 4 زخمی
کوئٹہ (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکاروں کی گاڑی کے بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے میں 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کی مذمت ٗ واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ۔ سکیورٹی حکام کے مطابق پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے قریب قاسم لائن سے 100 گز کے فاصلے پر اس وقت ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کیا گیا جب بلوچستان کانسٹیبلری کی ریپڈ رسپانس فورس کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکہ میں 5 اہلکار رمضان ، جاوید ، لیاقت حسین ، شاہنواز ، طارق حسین زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر پہلے سول اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ ایک اہلکار دم توڑ گیا۔ کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری ڈاکٹر مجیب الرحمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کانسٹبلری کی ریپڈ رسپانس گروپ کی گاڑی معمول کے مطابق گشت پر تھی جسے ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا جب کہ سڑک کنارے 2 کلو بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔ایس ایس پی آپریشن ندیم احمد نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 5 اہلکار زخمی ہیں جن میں سے 3کی حالت تشویشناک ہے ۔ دھماکے میں 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔