مذاکرات کا مذاق‘ رابطہ کمیٹی نے ثابت کر دیا قوم نہیں ایک شخص عزیز ہے: آفاق
کراچی (آن لائن) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کراچی سے تصادم کی فضا کے خاتمے اور مہاجر قوم کے مسائل حل کرنے کیلئے میری مذاکرات کی پیشکش کا مذاق اڑا کر رابطہ کمیٹی نے ثابت کردیا انہیں قوم سے زیادہ ایک شخص عزیز ہے۔ اب یقینا قوم سمجھ گئی ہوگی کون کراچی کے حالات بہتر کرنا اور کون جوں کے توں رکھ کر تباہی و بربادی کا کھیل جاری رکھنا چاہتا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر متحدہ سے مہاجر قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شخصیت پرستی کسی بھی قوم کیلئے تباہی کا باعث ہے اس لئے اپنی قوم کا سہارا بننا ہے تو خود کو شخصیت کے بجائے نظریہ سے جوڑنا ہوگا۔ قوم کے بہتر مستقبل اور تصادم کی سیاست دفن کرنے کیلئے مہاجر قومی موومنٹ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔