اورنج ٹرین: پاکستان، چین معاہدہ خفیہ رکھنے کیلئے وفاقی حکومت کی ہائیکورٹ میں متفرق درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میں وفاقی حکومت نے اورنج ٹرین منصوبے سے متعلق چائنہ اور حکومت پاکستان کا معاہدہ خفیہ رکھنے کیلئے متفرق درخواست دائر کردی جس پر عدالت نے مزید دلائل کیلئے سماعت کل 5 مئی تک ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ میں حکومت کی طرف سے اورنج لائن ٹرین منصوبے کا معاہدہ پیش کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ تاہم عدالت نے وفاقی حکومت کے موقف کے باوجود معاہدہ کی کاپی گزشتہ روز پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ گزشتہ روز درخواست دائر کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ معاہدہ کھلی عدالت میں پیش نہیں کر سکتے۔ پاک چین معاہدہ خفیہ دستاویزات ہیں لہٰذا عدالت اس کو خفیہ رکھنے کا ہی حکم دے۔