پٹھانکوٹ ائربیس کے حفاظتی انتظامات حملے سے پہلے موثر تھے نہ اب ہیں: بھارتی پارلیمانی پینل
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) پٹھانکوٹ ائربیس حملے کی تحقیقات کرنیوالے بھارتی پارلیمانی پینل نے اپنی رپورٹ تیار کر لی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پٹھانکوٹ ائربیس کی خاطر خواہ سکیورٹی حملے سے نہ پہلے تھی اور نہ ہی اب مناسب حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی ائرفورس اور فوج کی طرف سے ائربیس کی حفاظت کیلئے اٹھائے گئے انتظامات میں سنگین جھول ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ یہ جھول جان بوجھ کر چھوڑے گئے تاکہ دہشت گردوں کو حملے کیلئے سازگار ماحول ملے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پٹھانکوٹ ائربیس میں مگ 21 اور ایم آئی 25 جیسے اہم طیارے اور ہیلی کاپٹر رکھے گئے ہیں مگر انکی حفاظت کیلئے انتظامات بہت معمولی تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ ملک کی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں دہشت گردی سے نمٹنے کے حوالے سے کوئی بڑی خامی موجود ہے۔ واضح رہے کہ یہ تحقیقاتی رپورٹ کانگریس کے رہنما اور چیئرمین پینل پردیب بھٹاچاریہ نے دیگر ارکان کے ساتھ ملکر تیار کی۔ اس میں انہوں نے سوالات اٹھائے ہیں کہ سمجھ میں نہیں آتا دہشت گردی کی پیشگی اطلاعات اور الرٹ جاری ہونے کے باوجود دہشت گرد کیس پٹھانکوٹ ائربیس تک پہنچ گئے۔ آج بھی ائربیس کے گرد ماحول غیرمحفوظ ہے۔ رپورٹ میں پینل نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان سے ملحقہ بھارتی سرحد کو موثر طریقے سے سیل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے۔ پٹرولنگ اور نگرانی بڑھائی جائے تاکہ دراندازی کے امکانات نہ رہیں۔