آرمی چیف کے بیان کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال‘ سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی‘ کے ایس ای 100 انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل جاری رہا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 192.10 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 19226.63 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ماہرین اسٹاک کے مطابق آرمی چیف کے بیان کے بعد سرمایہ کار گروپوں میں اعتماد کی فضاءقائم ہوئی ۔ سرمایہ کاری مالیت میں مزید 64 ارب 13 کروڑ95 لاکھ 84 ہزار630 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 47کھرب 51ارب 52کروڑ 35لاکھ 59ہزار 427 روپے ہوگئی۔ دریں اثناءلاہور سٹاک ایکسچینج میں بھی جمعہ کے روز تیزی کارجحان رہا۔ مجموعی طور پر110کمپنیوں کا کاروبارہوا۔40کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا۔ 11 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 59 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 13.58 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 4046.73 پربند ہوا۔ 11لاکھ44 ہزار 600 حصص کا کاروبار ہوا۔