غزہ،تل ابیب،لندن(آئی این پی)ا اسرائیل نے غزہ میں امدادی ٹرکوں کا داخلہ روک دیا، جس سے جنگ بندی کے معاہدے پر نیا بحران پیدا ہو گیا ۔ حماس نے مصر اور قطر سے ثالثی کی اپیل کی ہے تاکہ معاہدے کو برقرار رکھا جا سکے ،غزہ کی امداد روکنے کے خلاف انسانی حقوق تنظیمیں اسرائیلی سپریم کورٹ پہنچ گئیں ،دوسری جانب برطانوی خیراتی ادارے پر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کوفنڈنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جس کے بعد ادارے کو پولیس تحقیقات کا سامنا ہے۔ غزہ میں امداد بند ہونے کے بعد انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔ مقامی حکام اور انسانی حقوق کے ادارے مطالبہ کر رہے ہیں کہ امدادی ٹرکوں کو فوری داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ خوراک، پانی اور ادویات کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ اسرائیل نے کہا کہ حماس جنگ بندی میں توسیع کے امریکی منصوبے پر اتفاق کرے، حماس کے سینئرعہدے دار نے کہاکہ اسرائیل نے امداد بند کرکے ثابت کیا جنگ بندی میں توسیع نہیں چاہتا، حماس اب بھی جنگ بندی معاہدے کی کوششیں کر رہی ہے، معاہدے کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ثالثوں سے رابطے میں ہیں۔سینئر عہدیدار کا مزیدکہنا تھا کہ امید ہے اسرائیل کو جنگ بندی کے تمام مراحل کا پابند بنایا جائے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ کے فلسطینیوں کے لیے ہر قسم کی امداد لے جانے پر پابندی کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔عرب میڈیا کے مطابق 5 غیر سرکاری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ عدالت غزہ میں امداد نہ جانے دینے کے فیصلے کو روکنے کے لیے عبوری حکم جاری کرے۔
غزہ میں امداد رکنے پرا نسانی بحران شدت اختیارکرگیا : انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیلی سپریم کورٹ پہنچ گئیں
Mar 04, 2025