سعودی عرب، کورونا وائرس کے باعث مزید 8 مساجد عارضی طور پر بند

سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے سعودی عرب کے پانچ علاقوں میں 8 نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانے پر 8 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔ مقامی نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ گزشتہ24روز کے دوران 196 مساجد بند کی جاچکی ہیں،عارضی بند کی جانے والی مساجد میں سے 182 سینیٹائزنگ اور صفائی و صحت ضوابط کی کارروائی مکمل ہونے پر کھولی گئی ہیں۔ وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ مساجد نمازیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کورونا وائرس کے مریضوں کے ریکارڈ پر آنے کے بعد عارضی طور پر بند کی جاتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر نمازی حضرات ازخود اس کی پابندی کرلیں کہ جو اپنے اندر کورونا کی علامتیں محسوس کرے وہ مسجد نہ آئے تو ایسی صورت میں دیگر نمازی وبا سے محفوظ رہیں گے اور مساجد بند کرنے کی ضرورت نہیں پیش آئے گی۔