سعودی عرب کے العرفا پہاڑ پر قدیم ترین محل کے کھنڈر

سعودی عرب کے شہر طائف کے پہاڑالعرفا کے اوپر قدیم ترین محل مشرفہ کے کھنڈر آج تک محفوظ ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق آپٹیکل پیکٹوریل اور ٹورسٹ گائیڈ عبدالرحمن الدغیلبی نے بتایا کہ العرفا کے اوپر قدیم ترین محل مشرفہ کے کھنڈر آج تک محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ العرفا پہاڑ آج بھی سعودی عرب میں نقوش والی چٹانوں کا سب سے بڑا مرکز مانا جاتا ہے۔ یہ پہاڑ العلا اور حائل کے پہاڑوں میں نقوش والی چٹانوں کی دریافت سے پہلے ریکارڈ پر آیا تھا، یہاں ہرنوں، بکریوں، گایوں اور مختلف جانوروں کی شکلیں چٹانوں پر بنی ہوئی ہیں جن کا تعلق 2 ہزار قبل مسیح کے دور سے ہے۔
العرفا پہاڑ پر ثمودی رسم الخط اور کوفی رسم الخط میں تحریریں بھی موجود ہیں۔ یہاں چٹانوں پر موجود نقوش سے 2 ہزار قبل مسیح کے طرز معاشرت کا بھی پتہ چلتا ہے کہ اس زمانے کے لوگ کس طرح شکار کرتے اور شکار میں کیا کچھ استعمال کیا کرتے تھے، اس کا اظہار چٹانوں پر نقوش کے ذریعے کیا گیا ہے۔
الدغیلبی نے کہا کہ یہاں اسلام سے پہلےکے دور کے عربی رسم الخط کی تحریریں بھی ریکارڈ پر آئی ہیں جبکہ 13 ویں صدی ہجری کے اواخر میں پتھروں سے تیار کردہ تاریخی قلعے کے کھنڈر بھی موجود ہیں۔آثار قدیمہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ العرفا، عکاظ میلے کے قریب واقع ہے۔