سینٹ الیکشن : موبائل ساتھ لانے پر خرم شیر زمان کو ایوان سے نکال دیا گیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سینیٹ الیکشن کے دوران ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے خرم شیر زمان کی جیب سے موبائل نکل آیا۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے دوران اراکین اسمبلی اور دیگر کے موبائل فون ، کیمرے کے ساتھ اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔ سندھ اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران جب خرم شیر زمان اپنا ووٹ کاسٹ کرنے آئے تو ان کی جیب سے موبائل نکل آیا جس پر اسمبلی میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔ ریٹرننگ افسر نے خرم شیر زمان کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا اوراسمبلی سے باہر بھیج دیا جس کی وہ سے پی ٹی آئی ایم پی اے نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ ریٹرننگ افسر کچھ دیر بعد خرم زمان کے ووٹ سے متعلق فیصلہ دیں گے۔