قربانی کا جذبہ فوجیوں کو کثیر جہتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتا ہے.آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں کے قریب تربیتی علاقے کا دورہ کیا اور انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ کے مقابلے دیکھے۔پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے مقابلے کی تکمیل پر شرکاء کو مبارک باد دی اور مقابلے میں شریک تمام غیر ملکی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایسےمقابلوں میں بہترین تجربوں کے تبادلے سے لڑنے کی مہارت بہتر ہوگی، ایسے مقابلوں سے شریک ملکوں کی افواج کو جوڑنے میں مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تربیت اور ٹیم ورک ہر سپاہی کا درپیش چیلنجز میں طرہ امتیاز ہوتا ہے، ہر ایک کو فوری جواب کیلئے بہترین جسمانی اور ذہنی طور پر فٹ رہنا ہے۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں ایثار اور حب الوطنی کا جذبہ طاقت ور فورس بناتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق انٹرنیشنل پاکستانی آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں میں کراچی کور نے پہلی، ملتان کور نے دوسری اور راولپنڈی کور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔بین الاقوامی ٹیموں میں ترکی نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ سعودی عرب، سری لنکا اور جنوبی افریقا کی ٹیموں نے سلور میڈلز اپنے نام کیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کی ٹیم نے ان مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا، تقریب کے دوران مختلف ملکوں کے دفاعی اتاشی بھی موجود تھے۔