حکومت جامع خارجہ پالیسی کا لائحہء عمل مرتب کرے:مرزا خادم جرال
لاہور (پ ر) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے نائب صدر مرزا خادم حسین جرال نے کہا ہے کہ امریکا بھارتی لابیئنگ کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردی کا معاون ثابت کر کے گرے لسٹ میں ڈلوانے کی تیاری کر رہا ہے اور حکومتی خارجہ پالیسی کی حکمت ِعملی واضح نہیں ہو رہی، یعنی حکمران درپردہ مودی سے دوستی نبھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ مرزا خادم حسین جرال نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بری طرح سے ناکام ہو چکی ۔ اب وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اپنے ٹوئیٹ میں غیراہم باتوں کا ذکر کرنے کے علاوہ خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا پا رہے، حکومت سینئر پارلیمینٹیرینز کے ساتھ مل کر اور پارلیمینٹ کو اعتماد میں لے کر جامع خارجہ پالیسی کا لائحہء عمل مرتب کرے۔ عالمی سطح پر پاکستان تنہا رہ گیا ہے، اس لیے خارجہ امور میں پوری دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے واضح پالیسی وضع کی جانی چاہیے۔