ن لیگ کے ٹکٹ سے صرف ملک اعتبار ہی الیکشن لڑیں گے،ملک عبداللہ
پنڈی گھیب (نامہ نگار )سابق نائب ناظم یونین کونسل کمڑیال اور کھنڈہ گروپ کے سرکردہ رہنما ملک عبداللہ خان کمڑیال نے کہا ہے کہ پیراشوٹ کے ذریعے (ن) لیگ میں شامل ہو کر ٹکٹ حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان کبھی پورے نہیں ہوسکتے ضلع اٹک میں پنڈی گھیب،جنڈ اور فتح جنگ پر مشتمل قومی اسمبلی کے مجوز ہ حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے صرف ملک اعتبار خان کھنڈا ہی الیکشن لڑیں گے نام نہاد لیڈران میجر طاہر صادق کے دور حکومت میں ترقیاتی کاموں کے قصیدے پڑھتے نظر آرہے ہیں حقیقت تو یہ ہے کہ انکے اپنی جاری کردہ ترقیاتی فنڈز رپورٹ " ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند " میں انہوںنے تسلیم کیا کہ 5 سالہ دور میںاین اے 58 میں 6 ارب کے ترقیاتی کام ہو ئے جس میں مین شاہراہوں کو ڈبل کرنے جیسے جھوٹ بھی شامل ہیں جسکا حقیقت سے تعلق نہ ہونے کا گواہ حلقے کی تمام عوام ہیں جبکہ ہم نے ساڑھے چار سالوں میں تعلیم ،صحت ،سڑکوں کی تعمیر ،مختلف دیہات کو بجلی و گیس کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پرآٹھ ارب سے زائد رقم خرچ کی جس میں 80 فیصد کام تکمیل تک پہنچ چکاہے جبکہ دیگر چند ماہ میں مکمل ہو جائیں گے میجر طاہر صا دق نے گذشتہ دور حکومت میں کالا چٹا پہاڑ کی دوسری جانب ترقیاتی کام مکمل کروائے ہوں گے مگر پنڈی گھیب ،جنڈ اور فتح جنگ کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا گیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔