سینیٹ انتخابات نے فیصلہ کر دیا مسلم لیگ سب سے بڑی سیاسی قوت ہے، حاجی پرویزخان
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ(ن)میٹرو پولٹن راولپنڈی کے جنرل سیکریٹری حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات نے فیصلہ کر دیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)ہی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے اورکوئی چمک، سازش،مخالفت یاروکاوٹ سینیٹ میں مسلم لیگ کا را ستہ نہیں روک سکی، سینیٹ میں شاندار کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور تمام نو منتخب سینیٹرز مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک ایسی سیاسی قوت کا نام ہیں جن کے خلاف ہر سازش ناکام ہوئی ہے اور ایک بار پھر انتخابات میں کامیابی پاکستان مسلم لیگ (ن)کے حصے میں آئی ہے۔ حاجی پرویز خان نے کہا کہ جس طرح سینیٹ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اسی طرح 2018 ء کے عام انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) واضح کامیابی حاصل کرے گی اور مخالفین اسی طرح ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست میں ہیجان برپا کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آیا اور سینیٹ انتخابات اپنے وقت مقررہ پر ہوئے اور اس کے نتیجے کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنے والے نتائج آنے کے بعد بغلیں جھانک رہے ہیں۔ حاجی پرویز خان نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ٹوٹ پھوٹ کے دعویدار آج منہ چھپا رہے ہیں۔