پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوارڈینیٹر نیئر غلام علی خان نے کہا ہے کہ غریب عوام سے نااہلی کا بدلہ مہنگائی کی صورت میں لیا جارہا ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے جبکہ غربت کے مارے ہوئے عوام پہلے ہی مہنگائی کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک یوتھ ونگ کے رہنماؤں حافظ اویس، راجہ شہباز، ملک اویس، اسامہ ناز، آصف اقبال اور وقاص عالم سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کررہے ہیں اور عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ایسا نظام نہیں چلے گا۔ عوام پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اقتدار کے ایوانوں کو زمین بوس کردیں۔ کمشن والے منصوبوں کے ذریعے عوام کی جیبیں کاٹی جارہی ہیں۔ انہوں نے بجلی کے بلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا والے پہلے کریڈٹ بل بھیجتے ہیں اور پھر یکدم بڑا بجلی بم گرایا جاتا ہے جس سے عوام میں شدید تشویش اور پریشانی پائی جاتی ہے۔