عوام عمران خان کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور کردار کا جائزہ لیں، نیئر بخاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے عمران خان کی طرف سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہ ڈالنے اور قومی اسمبلی سے مسلسل فرار ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف بھی پارلیمنٹ سے منہ چھپاتے رہے اس لئے نکالے گئے۔ اسی طرح عمران خان قومی اسمبلی سے تنخواہ تو وصول کرتے ہیں مگر ہر اجلاس میں غیر حاضر رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ حالت ہے کہ تو پھر عمران خان اور ان کی پارٹی کس منہ سے اور کس اصول کہ تحت عام انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کے ووٹوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا اور نہ ہی اپنے حلقے کے عوام کی نمائندگی کی۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ عوام بہترین منصف ہیں وہ عمران خان کے غیر ذمے دارانہ رویے اور کردار کا جائزہ لیں۔