سٹیل ملز نجکار ی کیس فیصلہ کے جائزہ کیلئے لارجر بنچ تشکیل
اسلام آباد (محمد صلاح الدین خان) سپریم کورٹ نے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کالعدم قرار دینے کے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا ازسر نوجائزہ لینے کے لیئے 9رکنی لارجر بنچ تشکیل دے دیا ہے جو ازخود نوٹس کیس کی سماعت 6مارچ کو کرے گا ۔اس حوالے سے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 9رکنی لارجر بنچ ازخود نوٹس کیس کی سماعت منگل کو کرے گا۔ واضح رہے صوبوں کی گیس کی تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ’’چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور سنیئروکیل خالد انور کے درمیان مکالمہ ہوا تھا جس میں فاضل وکیل نے کہا تھا کہ ضروری نہیں عدالت کا ہر فیصلہ درست ہو ان میں بھی بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے اس حوالے سے پاکستان سٹیل ملز کیس کا فیصلہ موجود ہے جس میں درخواست گزار کی نظرثانی اپیل کوسنا ہی نہیں گیا ، چیف جسٹس نے استفسار کیا تھا کہ کیا وہ فیصلہ غلط تھا ؟ اس کے ازسرنو جائزہ کی ضرورت ہے؟ فاضل وکیل خالد انور نے کہا کہ وہ فیصلہ غلط تھا اس کی درستی ہونا چاہئے عدالت ہمارا موقف سن لے پھر کیس کا فیصلہ کرے تب ہی قانون کے تقاضے پورے ہوں گے ، جس پر چیف جسٹس نے سٹیل ملزم کے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے عارف حبیب سیکیورٹیز آف پاکستان ویگر بنام سربراہ وطن پارٹی کیس کو سماعت کے لیئے مقرر کرنے کے لیئے سپریم کورٹ آفس کو ہدایت کی تھی‘‘۔ واضح رہے سابق صدرپرویز مشرف کے دور میںاس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سٹیل ملز کی نجکاری کا عمل روکتے ہوئے فیصلہ جاری کیا تھا ۔ جبکہ موجودہ دوربھی حکومت اور سرمایہ داروں کے درمیان سٹیل ملز کی نجکاری کے معاملات چل رہے ہیں ۔ اگر اب سپریم کورٹ اپنے پرانے فیصلے کا ازسر نو جائزہ لیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیتی ہے تواس سے نجکاری پالیسی کے عمل میں سہولت پیدا ہوجائے اور اس بات کا امکان بھی موجود ہے کہ فریقین کی جانب سے سٹیل ملز کی فروخت کے پرانے معاہدہ کی توثیق کردی کردے۔