فلیٹ مالک کی فائرنگ‘ دو لڑکیوں نے زمین پر چھلانگ لگا دی‘ ایک جاں بحق
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ ائرپورٹ کے علاقے میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے فلیٹ میں لڑکے لڑکیوں کی موجودگی پر مالک نے پستول سے فائرنگ کردی جس کے خوف سے دو لڑکیوں نے پانچویں فلور سے زمین پر چھلانگ لگا دی ایک لڑکی موقع پر جاں بحق جبکہ دوسری شدید زخمی ہوگئی پولیس نے بتایا کہ فلیٹ میں نادر نامی ملزم نے فائرنگ کردی جس پر بسمہ اور شمائلہ نامی لڑکیوں نے خوفزدہ ہوکر فلیٹ سے نیچے چھلانگ لگا دی۔ زمین پر گرنے سے بسمہ موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ شمائلہ شدید زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ڈی ایس پی سول لائن سرکل کاظم نقوی نے بتایا کہ پوسٹمارٹم کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ بسمہ کی موت گولی لگنے سے ہوئی ہے یا نہیں تاہم دونوں ملزمان نادر اور ذوالقرنین کو حراست میں لے لیا گیا ہے مزید تفتیش جاری ہے۔تھانہ ائرپورٹ کو مسماۃ نصرت شاہین سکنہ فیصل کالونی نے بتایا کہ اسکی بیٹی فلیٹ پر گئی تھی۔ مجھے معلوم ہوا کہ وہ اپنی سہیلی شمائلہ کے ہمراہ فلیٹ میں آئی جہاں موجود لڑکوں شیراز، اذان، ذوالقرنین اور نادر نے اس کی بیٹی سے زیادتی کی کوشش کی جب اس نے جان بچاکر بھاگنے کی کوشش کی تو اسے گولی مار کر قتل کردیا گیا اور شمائلہ، اذان، ذوالقرنین اور شیراز نے اسے نیچے پھینک دیا۔