واچ لسٹ معا ملے پر تشویش‘ افغانستان دہشتگردوں کے کیمپ ختم کرے
لاہور(خصوصی رپورٹر)نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں دسویں سالانہ سہروزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کے کامیاب اختتا م پر جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے اس کانفرنس کے دوران قومی اہمیت کے مختلف امور بالخصوص خود انحصاری پر سیر حاصل غورکیا گیا۔ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس میں ملک و بیرون ملک سے 1530 مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ کے صدارتی خطاب‘ سیکرٹری شاہد رشید کی طرف سے پیش کردہ کارکردگی رپورٹ‘ ملک و بیرون ملک قائم نظریۂ پاکستان فورمز اور تعلیمی اداروں میں قائم نظریۂ پاکستان سوسائٹیز کی سرگرمیوں کی رپورٹس سننے کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا ہے اس قومی نظریاتی ادارے کی کارکردگی نہایت حوصلہ افزاء ہے اور عوام الناس کے تاثرات سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ادارہ اپنے قائدین کے وضع کردہ رہنما اصولوں پر گامزن رہ کر پاکستانی قوم بالخصوص نوجوان نسل کی فکری رہنمائی کا فریضہ بطریق احسن سرانجام دے رہا ہے۔ مندوبین نے کانفرنس کے کلیدی موضوع ’’خودانحصاری-نشان منزل‘‘ کو جملہ قومی مسائل کابہترین حل قرار دیتے ہوئے کہا برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی دور اندیش قیادت میں اپنی مدد آپ کے تحت اپنے زورِ بازو پر بھروسہ کرتے ہوئے پاکستان بنایا تھا۔ اعلامیہ میں مندوبین سے یہ اپیل بھی کی گئی وہ کانفرنس کے تینوں دن سامنے آنے والے مختلف نکات پر غور و فکر کریں اور عوام کو خود انحصاری کو نشان منزل بنا لینے کی ترغیب دیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا تحریک پاکستان حقیقی معنوں میں ایک عوامی روحانی انقلابی تحریک تھی جس کی امتیازی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں برصغیر کے ہر علاقے میں بسنے والے مسلمانوں نے بلا لحاظ رنگ و نسل اور فرقہ و مسلک حصہ لیا ۔ اقلیتی صوبوں کے مسلمان درحقیقت ہمارے محسن ہیں جنہیں آج بھی تحریک قیام پاکستان میں حصہ لینے کی پاداش میں ہندو اکثریت انتقام کا نشانہ بناتی رہتی ہے۔ کانفرنس کے مندوبین محسوس کرتے ہیں کہ وطن عزیز کو لاحق موجودہ چیلنجز سے عہدہ برآء ہونے کے لیے تحریک پاکستان کی نہج پر ہی ایک عوامی شعوری تحریک کا برپا کیا جانا ناگزیر ہے اور الحمدﷲ! اپنی قوم ساز سرگرمیوں کے طفیل نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اس تحریک کا نکتۂ آغاز بن چکا ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ عوام الناس اس تحریک میں جوق در جوق شامل ہوں۔ اعلامیہ میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی فراست اور دور اندیشی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زیرک قیادت کی بدولت ہی مسلمانان ہند دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت قائم کرنے میں کامیاب ہو سکے تھے۔ اعلامیہ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا پاکستانی عوام کی صفوں میں موجود مذکورہ ففتھ کالمسٹوں کا محاسبہ کیا جائے گا اور پاکستانی قوم کو قیام پاکستان کے حقیقی اسباب و مقاصد سے آگاہ کرنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ کانفرنس اس عہد کی تجدیدکے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی آرزو کے مطابق پاکستان میں دین اسلام کے زریں اصولوں پر مبنی ایک ایسا جدید اسلامی‘ فلاحی اور جمہوری معاشرہ قائم کرنے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی جو حضور اقدسؐ کی قائم کردہ ریاست مدینہ کا ثانی اور عالم اسلام کے لیے باعث فخر ہو۔ دسویںسالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کی اختتامی نشست میں شرکاء کی امنگوں کی ترجمانی کرتی متعدد قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں حاضرین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔کانفرنس کے شرکاء نے ایک قرارداد کے ذریعے امریکہ کے پاکستان کیخلاف دھونس اور دھمکیوں پر مبنی طرزِ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا وہ خود انحصاری اور خود کفالت کی راہ اختیار کرے تاکہ امریکہ سمیت دنیا کا کوئی بھی ملک ہمیں ڈکٹیشن دینے کی جرأت نہ کرسکے۔ ایک قرارداد میں امریکہ کی طرف سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کو دہشت گردوں کی عالمی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرانے کی مذموم کوششوں پر اظہار تشویش کیا گیا اور حکومتِ پاکستان کو امریکی کوشش ناکام بنانے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ ایک قرارداد میں زینب‘ عاصمہ اور دیگر معصوم بچیوں کو درندگی کا نشانہ بنائے جانے اور بچوں کے خلاف روز افزوں جنسی جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا گیا وہ اس رجحان کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرے اور ان واقعات میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنائے۔ ایک قرارداد میں نقیب اللہ محسود سمیت دیگر شہریوں کے جعلی پولیس مقابلوں میں ماروا ئے عدالت قتل کے پے در پے واقعات کی بھرپور مذمت کی گئی اور ان میں ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ایک قرارداد کے ذریعے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دورۂ بھارت اور امریکہ‘ بھارت اور اسرائیل پر مشتمل پاکستان مخالف اتحاد کی ریشہ دوانیوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کی خاطر تمام فرقہ وارانہ، مسلکی‘ لسانی اور گروہی اختلافات بالائے طاق رکھ کر باہم متحد ہوجائیں۔ ایک قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری مظاہرین پر بھارتی فوج کی طرف سے پیلٹ گنوں کے استعمال نیز اندھا دھند فائرنگ کرکے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وادیٔ کشمیر میں استصواب رائے کرانے اور کشمیری عوام کا حق خود ارادیت تسلیم کرنے پر مجبور کرے۔ ایک قرارداد میں وطن عزیز میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی سربلندی کی خاطر تمام سٹیک ہولڈرز کو باور کرایا گیا کہ امریکہ اور بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحانہ ڈپلومیسی کے پیش نظر ہم کسی بھی سطح پر عدم استحکام کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے‘ لہٰذا تمام قومی ادارے باہم مل جل کر مسائل کا حل تلاش کریں۔ ایک قرارداد میں امریکہ کی جانب سے اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلے اور اس کیخلاف احتجاج کرنیوالے نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی اور امریکی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پورے مشرقِ وسطیٰ کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لے۔قرارداد میں آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ایک قرارداد کے ذریعے کانفرنس کے شرکاء نے ملک پر بیرونی و اندرونی قرضوں کے دن بدن بڑھتے بوجھ کے تناظر میں حکومت سے مطالبہ کیا وہ ان قرضوں سے نجات کیلئے جامع منصوبہ بندی کرے ۔ شرکائے کانفرنس نے وطن عزیز کی سیاسی قیادت سے مطالبہ کیاوہ پاکستان کی اقتصادی خوش حالی کے منصوبے ’’چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC)‘‘ کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کیلئے یک زبان اور یکجان ہوجائیں۔ ایک قرارداد میں عوام سے اپیل کی گئی وہ معاشرے میں فرقہ واریت‘ صوبائیت اور لسانیت کو فروغ دینے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں۔ ایک قرارداد میں بھارت کی طرف سے پاکستانی دریائوں پر ڈیمز کی تعمیر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اس خدشے کا ظہار کیا گیا بھارت کی اس دریائی دہشت گردی کی روک تھام نہ کی گئی تو مستقبل قریب میں پاکستان کی زراعت پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ ایک قرارداد میں حکومت اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ آبی ذخائر بالخصوص کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ایک قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا وہ اپنے زیرِانتظام قبائلی علاقوں(فاٹا) کے صوبہ خیبر پی کے میں انضمام کے لیے جلدازجلد عملی اقدامات بروئے کار لائے۔ ایک قرارداد میں افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اپنی سرزمین پرموجود دہشتگردی کے تربیتی کیمپوں کو فوری طور پر ختم کرے۔ ایک قرارداد کے ذریعے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے کر اسے عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پوری شد و مد کے ساتھ عملدرآمد کیاجائے۔ ایک قرارداد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ ایک قرارداد میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مجبور اور بے کس روہنگیائی مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ایک قرارداد میں لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیاگیا اور اقوام عالم سے اپیل کی گئی وہ اس سلسلے کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ایک قرارداد میں کہا گیا پاکستانی سینمائوں میں بھارت کی اخلاق باختہ فلموں کی نمائش پر سخت پابندی عائد کی جائے ۔ ایک قرارداد میں بابائے قوم کے نام پر وطنِ عزیز کے اولین ایوان ’’ایوانِ قائداعظمؒ‘‘ کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی اور عملی معاونت کو سراہتے ہوئے ان سے اظہار سپاس کیا گیا۔ ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم اور نصابِ تعلیم رائج کیا جائے ۔کانفرنس کے شرکاء نے ایک قرارداد میں عوام کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔