ووٹ کی عزت کا شور مچانے والوں نے ارکان سے حلف لینے کی کوشش کی‘ پرویز الٰہی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کی عزت کا شور مچانے والوں نے سینیٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی سےحلف لینے کی کوشش میں انہیں بے عزت کیا، نوازشریف اور شہبازشریف نے پنجاب میں دس سال کے دوران ارکان اسمبلی سے جو رویہ روا رکھا اس کے باعث انہیں ارکان پر اعتماد ہے نہ خود پر، منتخب ارکان کو ایک سرکاری ڈپٹی سیکرٹری کو حلف دینے پر مجبور کیا گیا۔ نیب کے خلاف حکمرانوں کی مہم کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں، چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی دو، دو بار نیب میں پیش ہو چکے، ہم تمام قومی اداروں کا زبان سے ہی نہیں عملی طور پر اور دل سے احترام کرتے ہیں، ارکان اسمبلی کو بھی ہم نے ہمیشہ عزت و اوّلیت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپوزیشن اتحاد کیلئے کوشش کی، دھرنا ہو یا اسمبلیاں ہم نے پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے احتجاج میں کھل کر ساتھ دیا، سینیٹ میں کامل علی آغا نے بطور اپوزیشن رکن مؤثر کردار ادا کیا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ جو کہتے ہیں سازش ہو رہی ہے ان کو چاہئے کہ وہ سازشیوں کے نام تو بتائیں، چیف جسٹس آف پاکستان نے احد چیمہ کیس میں نیب مخالف مہم کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ہمیں آئندہ بھی بلایا تو مکمل تعاون کریں گے۔