الیکشن کمشن کی ویب سائیٹ پر غلط اعداد و شمار
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر پارٹی پوزیشنز اور اعداد و شمار غلط شائع کردیں جبکہ ویب سائٹ پر صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں کی بھی درست تعداد موجود نہیں ہے۔الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نشستوں کی تعداد میں بھی ردو بدل ہے، قومی اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 342 جبکہ ویب سائٹ پر اس تعداد کو 363 شائع کیا گیا۔اسی طرح قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 272 ہے جبکہ یہی تعداد الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر 276 شائع کی گئی ہے۔دوسری جانب قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستیں 17 ہین لیکن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر یہ تعداد 21 دکھائی دے رہی ہے۔سندھ کی نشستیں 75 کے بجائے 76، پنجاب کی نشستیں 183 کے بجائے 197، وفاق کے زیرانظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی نشستوں 12 کے بجائے 15 ظاہر کی گئی ہیں۔اسی طرح بلوچستان اسمبلی کی نشستوں کا مجموعہ 65 کے بجائے 72، سندھ اسمبلی کے اراکین کا مجموعہ 168 کے بجائے 171 لکھ دیا گیا۔پنجاب اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد 371 ہے لیکن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اس کا مجموعہ 496 لکھا ہے۔