سینٹ الیکشن، ممبران الیکشن کمشن نے پولنگ کے عمل کی نگرانی کی
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ہفتہ کے روز چاروں صوبوں میں سینٹ کے پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لئے ممبرالیکشن کمیشن عبدالغفارسومرو بلوچستان کوئٹہ اسمبلی، ممبر الیکشن کمیشن جسٹس(ر) شکیل احمد بلوچ سندھ کراچی اسمبلی ،ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی پنجاب اسمبلی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد خیبر پختونخواہ اسمبلی پشاور میں موجود رہے اور پولنگ کے عمل کی نگرانی کی۔الیکشن کمیشن نے بہترین انتظامات کئے تھے ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا ہے کہ کچھ جگہوں سے شکایات آ رہی تھیں کہ ووٹر پرچی جیب میں ڈال کر باہر لے آتے ہیں ، ووٹ کی رازداری برقرار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن کیلئے بنائے گئے پولنگ بوتھ کا دورہ کیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ جگہوں سے شکایات آرہی تھیں کہ ووٹر پرچی جیب میں ڈال کر باہر لے آتے ہیں، ووٹ کے تقدس کو بحال رکھنے کے لئے ریٹرننگ آفیسرز کو سخت ہدایات کی ہیں ، آج کے الیکشن کو بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں ، الیکشن کمیشن کے ممبران پولنگ اسٹیشنز کادورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کچھ دیر بعد پشاور کا دورہ کریں گے۔دریں اثناء سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پارلیمنٹ ہاؤس اور دونوں پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔