سندھ میں ہار س ٹریڈنگ کا تاثر غلط ہے، آغا سراج، ناصر شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے کہاہے کہ آصف علی زرداری نے سینیٹ انتخابات میں تمام صوبوں میں کامیابی کے لیے بہترین حکمت عملی اپنائی ہے،ووٹوں کی خریداری کے الزامات غلط ہیں ۔ وہ سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ آغاسراج درانی نے کہاکہ اپوزیشن کے کچھ رہنماؤں نے اپنی خفت مٹانے کے لیے ہارس ٹریڈنگ کے الزامات عائد کیے ۔پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی کامیابی آصف علی زرداری کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ سندھ کے وزیراطلاعات ناصر حسین شا ہ نے کہاہے کہ سینیٹ الیکشن میں سندھ میں ہارس ٹریڈنگ کا تاثر غلط ہے ،منتشر قومی موومنٹ نے سوچی سمجھی اسکیم کے تحت اسطرح کے ڈرامے رچائے،ایم کیو ایم کے اپنے اراکین ان کی پالیسیوں اوراختلافات سے متنفرہیں۔منتشر قومی موومنٹ کی قلابازیوں کی وجہ سے ان کی اندرونی صورتحال خراب ہوئی اورپیپلزپارٹی کے لیے فتح کی راہ ہموارہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ فاروق ستار نے ٹیسوری کی تجوری ہضم کرلی ہے،انہوں نے تجویز دی کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی طرح سینیٹ الیکشن بھی سب کے سامنے شوآف ہینڈ کے ذریعہ ہونے چاہیئیںاگر ایسا ہوجائے تو الزامات بھی نہیں لگیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ارباب غلام نے آج سندھ اسمبلی آکر احسان کیا ہے ،تنخواہیں اور دیگر مراعات تو وہ پوری وصول کررہے ہیںمگراسمبلی نہیں آتے ،مجھے لگتا ہے کہ ارباب غلام رحیم کا یہ آخری سیشن ہے اس کے بعد ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔