فیروزوالا: بجلی کے لٹکتے تار موت بانٹنے لگے‘حکام خاموش‘ عوام پریشان
فیروز والہ ( نامہ نگار ) شاہدرہ کوٹ عبدالمالک ، امامیہ کالونی، فیض پور اٹاری اور جاوید نگر اور دیگر علاقوں میں بجلی کے لٹکتے تار موت بانٹنے لگے ابتک متعدد حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہونے کے باوجود کوئی بھی محکمہ ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں ۔عوام پریشان ہو کر رہ گئے۔ لیسکوحکام حادثات کو انتہائی غفلت قرار دے کر بری الزمہ ہو جاتے ہیں ان مقامات پر ابتک حادثات میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جس میں محکمہ لیسکو کے اہلکار ،پی ٹی سی ایل کے دو ملازمین بھی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق ان علاقوں میں واپڈا لیسکو کے بارہ آفس اور ایکین کادفتر بھی موجود ہے اور کروڑوں کا ماہانہ ریونیو ادا کیا جا رہا ہے مگر لیسکو کی طرف سے کوئی تعمیراتی کام نہیں کیا گیا۔ گلی محلوں میں بجلی کے تار لٹک رہے ہیں۔ مکانوں کی چھتوں سے بھی تاریں گزر رہی ہیں۔ جنہیں ہٹانے کیلئے کوئی کارروائی نہ کی گئی ۔ بعض گھر وں کے مالکان اپنے مکانوں کی چھتوں پر بھی نہیں جا سکتے ہیں ۔مقامی رہائشیوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لے کر انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔