امریکی وزارت دفاع پینٹا گون کے ترجمان ڈانا وائٹ نے واشنگٹن میں صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ایک بار پھر ڈومور کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کیخلاف کامیابی پاکستان سمیت سب کے حق میں ہے۔ ترجمان نے افغان طالبان کو مشورہ دیا کہ وہ مذاکرات کی طرف آئیں کیونکہ افغانستان کا مسئلہ سیاسی طور پر ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف ، سندھ پولیس کو ایسے ٹھوس شواہد ملے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت سندھ میں دہشت گردی ، بد امنی اور علیحدگی پسندی کو فروغ دینے کیلئے منظم اور وسیع نیٹ ورک چلا رہا ہے اس ضمن میں حیدر آباد پولیس نے سی پیک منصوبے کی تخریب کاری اور بھارتی فنڈنگ کے ذریعے رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کہنا اور سمجھنا حقائق جھٹلانے کے مترادف ہو گا کہ پاکستان امریکہ کے دبائوکے تحت یا کسی اور کو خوش کرنے کیلئے ، دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ پاکستان اعتدال پسند اسلامی ملک ہے۔ اور وہ دہشت گردی کو جہاد قرار دینے والوں کو اسلام سے منحرف سمجھتا ہے، اس نے اندرون اور بیرون ملک انتہا پسندی کی ہمیشہ مذمت کی ہے،وہ مسائل کے حل کیلئے طاقت کے استعمال کا بھی سخت مخالف ہے ، چنانچہ وہ اپنی سوچی سمجھی پالیسی کے تحت دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں اب تک ہزاروں شہری اور فوجی شہید ہو چکے ہیں اور معیشت کو نا قابل تلافی نقصان اٹھانا پڑرہاہے۔ پاکستان نے ہر اس شخص کو پابند سلاسل کر دیا اور تنظیموں پر یہ جانتے ہوئے بھی پابندی لگا دی ہے کہ بے قصور لوگوں کو دہشت گرد قرار دلوانے اور رفاہی اور فلاحی تنظیموں کو دہشت گرد تنظیمیں ثابت کرنے کیلئے بھارت ،امریکہ کو آلۂ کار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ بھارت کی ان مذموم کاوشوں کا مقصد پاکستان میں بد امنی پھیلانا ، ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنا، سندھ اور بلوچستان میں اپنے ایجنٹوں کی سرگرمیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔ اس حوالے سے حیدر آباد پولیس نے بھارت کی فنڈنگ اور تربیت کے بل بوتے پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تخریب کاروں کے گروہ کو پکڑ کر بھارتی عزائم بے نقاب کرنے کا شاندار کارنامہ قرار دیا ہے۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرنیوالا امریکہ ، پاکستان میں بھارتی دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا بھی نوٹس لے گا؟
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38