نوازشریف کیخلاف عدالتی فیصلے سے کوئی اتفاق نہیں کرتا، ہم نے قبول کیا: وزیراعظم
راولپنڈی (آئی این پی+ صباح نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے نامساعد حالات کے باوجود ہم نے ملکی معیشت کو ترقی دی۔ کہوٹہ میں ایک معیاری یونیورسٹی قائم کی جائے گی، ہم نے خدمت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیا ہے، نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلے سے کوئی اتفاق نہیں کرتا لیکن ہم نے قبول کیا۔ کہوٹہ ہسپتال کو معیاری بنایا جائے گا اور مزید فنڈز دیئے جائیں گے، پورے ملک میں مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کام نظر آرہے ہیں، بطور وزیراعظم پہلی بار اپنے حلقے میں آیا ہوں۔ 2018ءکے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو عوام کامیاب کرائیں گے۔ راولپنڈی سے کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا میں عوام کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میرا استقبال کیا، آپ بارش میں بھی تشریف لائے یہ آپ کی محبت ہے، کہوٹہ میرے لئے نئی جگہ نہیں، میں 30 سال سے آپ کے ساتھ ہوں، میں کہوٹہ کا گھر گھر جانتا ہوں، آپ کی محبت میری زندگی کا اثاثہ ہے، مجھے احساس ہے آج بطور وزیراعظم پہلی دفعہ اپنے حلقے میں آیا، خوشی ہے ہم نے کہوٹہ سے سلسلہ شروع کیا، مجھے یقین ہے اگلے الیکشن میں بھی نواز شریف اس حلقے سے جیتیں گے، کام صرف مسلم لیگ (ن) نے کئے ہیں، سڑکیں بنیں، سکول بنے یہ تمام کام مسلم لیگ (ن) نے کئے ہیں، یہ صورتحال سارے ملک کی ہے،2008ءمیں جلسے میں نوازشریف نے وعدہ کیا جو آج پورا ہو گیا، کہوٹہ میں گیس اور بجلی آ چکی ہے، یہ وسائل ہر حکومت کے پاس تھے لیکن کام صرف مسلم لیگ (ن) نے کئے، ان کے کام نظر نہیں آئے۔ میں کہوٹہ میں یونیورسٹی کا اعلان کرتا ہوں جو جلد بنائی جائیگی۔ مجھے خوشی ہے یہاں تعلیم عام ہوگی اور اگلے تین مہینوں پر کام شروع ہو گایونیورسٹی کا، آج سڑک کا افتتاح بھی کردیا ہے جو اس علاقے کی معیشت کو بدل کر رکھ دے گی۔ کہوٹہ کے دونوں ہائر سکولوں کو ہائر سکینڈری بنایا جائے گا، ہماری حکومت کہوٹہ میں ہسپتال کےلئے فنڈز بھی دیگی تا کہ معیاری طبی سہولتیں عوام کو ملیں، ہیلتھ کارڈ کا سلسلہ کہوٹہ تک پھیلایا جائیگا، 30 سال کی ترقی آپ کے سامنے ہے اور چار سال میں ہمارا کام آپ کے سامنے ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی، گیس کے منصوبوں پر بھی کام ہورہا ہے اور ہر یونین کونسل تک گیس پہنچائی جا رہی ہے، یہ بہت بڑے منصوبے ہیں جو آپ کا حق ہے، نوجوانوں کےلئے سٹیڈیم کا بندوبست کردیا ہے اور مزید کھیل کے میدان بنائیں گے، شہباز شریف نے علاقے کی معیاری سڑکوں کےلئے اربوں کے فنڈز جاری کئے۔ جو منصوبے 50سال سے مکمل نہیں ہوئے تھے وہ مکمل ہو رہے ہیں، ملک کی معیشت مضبوط ہو تو ملک ترقی کرتا ہے، ہم نے وہ فیصلے کئے جو عشروں تک پاکستان کو ترقی دیں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم نے کہا جب بھی پاکستان کی عوام نے بہتر فیصلے کئے اس کے اثرات عوام تک ضرور پہنچے۔
وزیراعظم