مقتدر حلقہ نہیں چاہتا کوئی دولت کے ذرائع پوچھے، لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مقتدر طبقہ نہیں چاہتاکہ کوئی اسے چیلنج کرے اور دولت کے ذرائع پوچھے۔ملکی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے عدالتوں کے پوچھنے پر بلبلا اٹھے ہیں اور عدلیہ کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔سرمایہ دار کی فیکٹریوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے مگر مزدور کے گھر میں چولہا نہیں جل رہاہے۔ ملز مالکان کی نظر میں مزدور کی کوئی اہمیت نہیں۔ سوشلزم اور سرمایہ دارانہ نظام فلاح کے نام پر انسانوں کی تضحیک کا نظام ہے اس کے مزدور کی خوشحالی کے تمام تر دعوے کھوکھلے ہیں یہ انسان کا خون نچوڑنے اور استحصال کا نظام ہے۔ اشتراکیت کے خاتمہ کے بعد مغربی سرمایہ دارانہ نظام خود کو ہاتھی سمجھنے لگا ہے اور اس کا پرچار کرنے والے عام آدمی کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وقت نے ثابت کر دیاہے کہ انسانوں کے بنائے ہوئے معاشی نظام انسانیت کو مسائل کی دلدل میں دھکیل رہے ہیں۔