سینٹ الیکشن میں شیر دھاڑا‘ عام انتخابات بھی جیتیں گے: وزرا
لاہور (خصوصی رپورٹر + خبر نگار + خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف نے سینٹ کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے حامیوں کی کامیابی پر ٹویٹ میں کہا کہ ماشاء اللہ مسلم لیگ ن سینٹ کی بھی اکثریت جماعت بن گئی ہے۔ جس کے ساتھ اللہ کی مدد ہو اس کو دنیا کی کوئی طاقت، سازش نہیں ہرا سکتی۔ اللہ کے فضل و کرم سے سینٹ الیکشن میں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی صادق اور امین ہے، نواز شریف اور ان کے دوسرے قائدین ہی صادق اور امین ہیں جن کو صادق اور امین سمجھا جاتا ہے ان کی خیانتیں عوام کے سامنے آچکی ہیں۔ مسلم لیگ ن نے اپنی عددی تعداد کے مطابق نشستیں حاصل کیں۔ چوہدری سرور نے جو نشست جتنے ووٹ لے کر حاصل کی اور ان کے جو پارٹی ووٹ سے زیادہ ووٹ نکلے عمران خان ہی جواب دے سکتے ہیں کہ وہ کس اے ٹی ایم سے نکلے ہیں۔ مریم نواز نے سینیٹ کے انتخابات میں کامیاب مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب شیروں کو مبارک۔ سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا نام، جماعت اور نشان چھین لیے گئے۔لیکن سینیٹ کا انتخاب ہر اس امیدوار نے جیتا جو نوازشریف کا انتخاب تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے تمام ارکان کو سیلوٹ کرتی ہوں جنہوں نے سیاست کی روایت بدل دی اور پارٹی اور نوازشریف کا ڈٹ کر ساتھ دیامنہ ڈرے نہ پیچھے ہٹے۔ ہر وقت خدا کے لہجے میں بولنے والوں نے کل کینگ میکر کا اعزاز چھینے کی بات کی تھی۔ اللہ نے آج ہی نواز شریف کو سرخرو کر دیا۔ جس کے ساتھ اللہ کی مدد ہو اس کو دنیا کی کوئی طاقت، کوئی سازش نہیں روک سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روک سکو تو روک لو۔ وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک واری فیر رولا پے گیا ہے شیر بازی لے گیا ہے۔ اللہ کے فضل اور کرم سے 2018ء کے سینٹ الیکشن میں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کامیاب رہے۔ صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام اور وابستگی خوشبو کی طرح جسموں میں رچ بس چکی جو کسی آمریت یا فیصلے سے ختم نہیں ہو سکتی، سپریم کورٹ کے ججز اور انکے فیصلے ہمارے لئے قابل احترام ہیں لیکن ان فیصلوں پر ایمان نہیں لا سکتے۔ عوامی فیصلے کسی ضابطے اور آمریت کے پابند نہیں ہوتے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ راولپنڈی کا سیاسی یتیم ذہنی طورپر مفلوج ہو چکا ہے اب نہ ڈیٹ دے سکتا اور نہ ڈیٹ مار سکتا ہے،سیاسی یتیم اور سیاسی گدھ کبھی دھرنوں، کبھی ہنڈی کے ذریعے جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کرتے رہے جو ناکام رہے، قوم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتی ہے جونواز شریف کی سربراہی میں جاری رہے گا۔ ہم ابھی بھی کہتے ہیں کہ جمہوریت کو چلنے دیں اگر ایسا بار بار ہوگا تو باہر کے دشمن حملہ کریں گے۔ سینٹ انتخابات میں ہمارے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جیتنے کے (ن) لیگ کا حلف لیں گے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ جولوگ مسلم لیگ ن کا تابوت نکلنے کی بات کررہے تھے سینیٹ انتخابات کے بعد ان کا سیاسی تابوت نکلا ہے، الزام تراشی اور سازشیں کرنے والوں کی انتخابات کے نام سے ٹانگیں کانپتی ہیں، جنہوں نے کام کی بجائے الزام تراشی کی ہے وہ انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتے۔ جس طرح سینیٹ انتخابات میں شیر دھاڑا ہے اسی طرح عام انتخابات میں بھی شیر دھاڑے گا۔سیاسی گماشتے کہتے تھے کہ سینیٹ انتخابات نہیں ہوں گے، (ن) لیگ تتر بتر ہو جائے گی لیکن وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں سینیٹ انتخابات بھی ہو گئے اور (ن) لیگ پہلے سے زیادہ متحد ہے۔ جو لوگ کہتے تھے ڈیلیٹ کا بٹن دبائیں گے اور نواز شریف ڈیلیٹ ہو جائے گا وہ بٹن دبا دبا کر تھک گئے ہیں لیکن نہ نواز شریف لوگوں کے دلوں اور نہ ہی ووٹوں سے ڈیلیٹ سے ہوا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر کے لئے منتخب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نومنتخب سینیٹرز اپنی علم و دانش مندی سے پاکستان کو ترقی کی انتہائی منزل کی طرف لے کر جائیں گے۔ شہباز شریف کی لیڈرشپ میں پنجاب نے جس طرح سے ترقی کا عمل طے کیا ہے وہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئین نے تمام اداروں کی حدود متعین کررکھی ہیں، اداروں کے درمیان محاذ آرائی برداشت نہیں کرسکتے، عدلیہ کے فیصلے پر عالمی میڈیا کے تبصروں پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، مسلم لیگ ن جنگ و جدل کا پروگرام نہیں رکھتی، آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ہوگی۔ کچھ عرصہ سے کچھ حلقوں نے سینٹ انتخابات کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کررکھے تھے۔ناکام سیاستدانوں کی سازش کی تھیوریاں ناکام ہورہی ہیں۔ سیاسی جماعت کو بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ن نے ہارس ٹریڈنگ کی مخالفت کی ہے، ہارس ٹریڈنگ گالی بن گئی ہے۔ اگر ادارے گتھم گتھا رہیں گے تو ہم رن وے پر کریش کرجائیں گے۔