ہارس ٹریڈنگ کیخلاف سیاستدان باتیں کرتے ہیں، عملی طور پر کچھ نہیں : نثار
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے سیاستدان صرف باتیں کرتے ہیں روک تھام کے لئے عملی کام نہیں کررہے، ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے تو اداروں کا کام ہے اسے روکیں ،میں سیاست کر رہا ہوں کرکٹ نہیں کھیل رہا جو آپ فرنٹ اور بیک فٹ کا سوال کررہے ہیں آپ ریکارڈ چیک کریں میں گزشتہ چار سالوں سے اجلاس میں شریک نہیں ہوا،میڈیا میں بعض دفعہ میرے بارے میں غلط خبریں دی جاتی ہیں، میڈیا غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے گریز کرے۔سینٹ الیکشن میں ووٹنگ کیلئے آمدپر مشاہد حسین سید نے چودھری نثار کا پرجوش استقبال کیا۔چوہدری نثار علی خان سے پوچھا گیا شہباز شریف پارٹی صدر بن گئے ہیں تو کیا اب فرنٹ فٹ پر کھیلیں گے؟ انہوں نے کہا یہ موقع ایسے سوالات کا نہیں، میں سیاست کر رہا ہوں کرکٹ نہیں کھیل رہا جو آپ فرنٹ اور بیک فٹ کا سوال کررہے ہیں ۔ عمران خان کی تحریک انصاف میں شمولیت کی آفر بارے پوچھا کہ آپ کا دوست تو کرکٹر ہے اور اس نے آپ کو پیشکش بھی کی ہے تو انہوں نے کہا کہ عمران پرانے دوست ہیں۔ لوگ تو اور بھی بہت کچھ سننا اور دیکھنا چاہتے ہیں۔ مریم نواز کی قیادت میں کام کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ میں سیاسی سوالوں پر جواب نہیں دوں گا۔پارلیمانی پارٹی میں شرکت کیلئے دعوت سب ارکان کو دی جاتی ہے‘ میں میاں نوازشریف صاحب کے دور میں بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں نہیں جاتا تھا۔ انہوں نے کہا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی اور وجوہات ہیں۔ میں کرکٹ کھیل رہا ہوں نہ عمران خان کھیل رہے ہیں۔
نثار