جن انتخابات میں مسلم لیگ (ن) حصہ لے، دھاندلی کا الزام لگتا ہے: بلاول
ہارون آباد/ کمالیہ(نامہ نگاران)چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بسراء ہائوس ہارون آباد اور کمالیہ میں کارکنوں کے اجتماع سے ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے پیپلز پارٹی ملک ے تمام طبقات کی واحد نمائندہ اور ترجمانی کرنے والی جماعت ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلی ممبر سازی مہم کا آغاز میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے کیا اور آج کے انتہائی اہم سیاسی مر حلے پر میں بھٹو کے مشن کو لیکر میدان میں نکلا ہوں۔ہماری توجہ کا مرکز 63 فیصد نوجوان طبقہ ہے جس کی امیدیں پی پی پی سے وابستہ ہیں شہری و دیہی عوام یکساں اہمیت اور توجہ کے حامل ہیں۔پی پی پی کے جیالے اور کارکن جماعت کا اثاثہ ہیں اور انکا میرے شانہ بشانہ ہونا میرا حوصلہ اور عزم مزید مضبوط کردیتا ہے۔ہم سب اس رابطہ اور تنظیم سازی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور قومی جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔میں تمام طبقات بالخصوص نوجوان نسل کو اس مہم میں شمولیت کی پر خلوص دعوت دیتا ہوں جو ہمارے ملک کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔اس موقع پر کارکنان نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ نعرے بازی کی۔ کارکن پارٹی ترانوں پر والہانہ رقص بھی کرتے رہے۔ کمالیہ میں سابق امیدوار صوبائی اسمبلی کیپٹن(ر) سعادت حسنین کھرل کی رہائش گاہ کے قریب جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کی تاریخ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کی خدمت کیلئے 50 سالہ بے مثال قربانیوں پر مشتمل ہے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس میں کارکنان کو ان کا مقام دیا جاتا ہے۔ میں کارکنوں سے کہتا ہوں گلی گلی پھیل جائیں اور پیپلز پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور ممبر سازی مہم کو کامیاب بنائیں۔ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر ڈویژنل جنرل سیکرٹری فیصل آباد حاجی محمد اسحاق ضلعی صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ نیلم جبار، تحصیل جنرل سیکرٹری کمالیہ چوہدری دائود گجر، سٹی صدر کمالیہ رانا نسیم اقبال کودا، عاطف خان کھرل، سابق ضلعی صدر کسان ونگ چوہدری ظہور الحق خان اورمحمد علی کھوڈ نے بھی خطاب کیا۔ این این آئی کے مطابق کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو یہ غرض نہیں نواز شریف کو کیوں نکالا بلکہ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ پاکستان کے عوام بے روزگاری، غربت اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل کا حل جانتی ہے۔انہوں نے کہا ہم روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ جن انتخابات میں مسلم لیگ (ن) حصہ لے اس میں دھاندلی کے الزام لگتے ہیں اور نواز شریف کے پاس وفاق اور پنجاب کی حکومت ہے اور یہ لوگ خفیہ فنڈز استعمال کر رہے ہیں۔
بلاول