عدالتی احکامات نظرانداز‘ پی این ڈی کے ملازمین کا محکمہ میں واپس جانے سے انکار
کراچی (لیڈی رپورٹر ) سندھ کے محکمہ ویمن ڈیولپمنٹ میں سال2002سے موجود افسران سمیت ملازمین سپریم کورٹ کے 2016کے حکم نامے کے باوجود اپنے اصل محکمہ پی این ڈی میں جانے کیلئے تیار نہیں ، سابقہ سیکریٹری ویمن ڈیولپمنٹ کی جانب سے اصل محکمہ میں بھیجنے کے باوجو د نو ماہ میں ہی واپس آگئے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے 2016میں ایک حکم نامے کے تحت اپنے اصل محکمات سے دوسرے محکمات میں آنے والے تمام ملازمین کو واپس بھیجنا تھا جس پر لاتعداد محکمات کے ملازمین نے عمل کیا اور اپنے اصل محکموں میں چلے گئے لیکن سندھ کے محکمہ ویمن ڈیولپمنٹ میں سال2002سے موجود افسران سمیت ملازمین اپنے اصل محکمہ پی این ڈی میں جانے کیلئے تاحال تیار نہیں ہیں ‘توہین عدالت اور غیر قانونی مقرری کے خلاف محکمہ کے ملازمین نے محمد فیصل کی قیادت میں سپریم کورٹ سندھ حکومت ، چیف سیکریٹری سندھ کو ویمن ڈیولپمنٹ محکمہ میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور مقرریوں کے خلاف حقائق پر مبنی ایک لیٹر تحریر کیا ہے جس میں انکشاف کیا گیاہے کہ کچھ ملازمین نے عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے اپنے اصل محکمہ میں جانے سے انکار کیا ہے، درخواست میں بالا حکام سے اپیل کی گئی ہے کہ مذکورہ افسران کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اپنے اصل محکموں میں بھیجا جائے اور چھوٹے ملازمین کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔