پنجاب حکومت کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی کرے،اگرایسا وفاقی حکومت نے کیا تواسے صوبائی معاملات میں مداخلت قراردیا جائے گا۔ قمرزمان کائرہ
لاہورکے مقامی ہوٹل میں ڈیسک ایڈیٹرزفورم کی تقریب حلف برداری کےبعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے، اگرہم نے کی توکہا جائے گا کہ صوبائی معاملات میں مداخت ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب آئندہ انتخابات میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے انتہا پسندوں کی حمایت کرنے والوں کا ساتھ دینا ہے یا ان کی مخالفت کرنےاوران سے لڑنے والوں کا۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پرانکا کہنا تھا کہ عالمی پابندیوں کااندازہ ہے، لیکن یہ معاہدہ کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ ہمارے مفاد میں ہے۔ منصوبے سے حاصل ہونے والی گیس سے سستی بجلی پیدا کرکے عوام کودی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوجلد ہی جنگلہ بس کی حقیقت کا پتا چل جائے گا، قبل ازیں تقریب سے ڈیسک ایڈیٹرفورم کے صدرمحمد اسلم چوہدری اورجنرل سیکرٹری ملک محمد ظفرنے بھی خطاب کیا۔