پاکستان،ایران گیس منصوبے پر صدر کا ٹھوس موقف
ایران سے گیس منصوبہ کوئی نہیں رو ک سکتا، صدر آصف زرداری ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے گوادر پورٹ اور ایران گیس کے منصوبے کو قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے گیس پائپ لائن کا منصوبہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں اسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی صدر نے بالکل درست اور بجا کہاہے ایک آزاد اور خود مختار ملک کی حیثیت سے ہمیں اپنے قومی مفادات کے فیصلے خود کرنے ہونگے اس صورت میں جب یہ منصوبے ملک اور قوم کی بہتری کیلئے ناگزیر ہوں تو ہمیں کسی کی ہدایات لینے کی ضرورت نہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان جس طرح گیس اور بجلی کے بحران میں مبتلا ہے اس نے عوام اور خواص سب کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ملک کی صنعتیں بند پڑی ہیں ،تجارتی و کاروباری اداروں میں کام بند ہونے سے بیروزگاری پھیل رہی ہے۔اس نازک وقت میں ہمیں بحیثیت آزاد قوم بہت پہلے ایسے فیصلے کرناچاہئیں تھے جن سے ہماری مشکلات کم ہوتیں مگر اب بھی دیر آید درست آید کے مصداق صدر نے بیرونی دباﺅ مسترد کرتے ہوئے ایران سے گیس حاصل کرنے کے منصوبے پر جو ٹھوس موقف اختیار کیا وہ بالکل صحیح ہے کیونکہ ایک جمہوری ملک ہونے کے نا طے ہم ملکی ضروریات اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر قسم کی اندرونی و بیرونی پالیسیاں اور دوسرے ممالک سے معاہدے کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ اس کےلئے ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔