الخدمت فا¶نڈیشن وفد کی امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان سے ملاقات

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) وائس پریزیڈنٹ (گلوبل افئیرز) الخدمت فا¶نڈیشن پاکستان محمد عبدالشکورکی قیادت میں الخدمت کے وفد نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان سے ملاقات کی۔ الخدمت کے نائب صدر احسان اللہ وقاص اور آغوش الخدمت USA کے صدرشکورعالم سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران محمد عبدالشکور نے مسعود خان کو آغوش USA بارے بریفنگ دی اورالخدمت فا¶نڈیشن کی جانب سے غریبوں کو امداد، طبی خدمات، صاف پانی، یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کی فراہمی میں انتھک کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ محمد عبدالشکورنے کہا کہ الخدمت فا¶نڈیشن نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی خدمت کا ایک معتبر نام بن چکا ہے اور کسی بھی نا گہانی آفت اور سال بھر جاری رہنے والے خدمت خلق کی سرگرمیوں سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں سیلاب اور ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد بھی الخدمت نے اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کیلئے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے ذریعے بھرپور مدد کی اور اب بھی متاثرہ علاقوں میں بحالی و تعمیر نو کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ احسان اللہ وقاص نے کہا کہ ہم یہ سب کام لوگوں کی فلاح و بہبود اور اللہ کی رضا کیلئے کر رہے ہیں۔ مسعود خان نے الخدمت کی دکھی انسان کیلئے خدمات کو بے حد سراہا۔